اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ریسکیو اور ریلیف کے بعد بحالی کا عمل جاری ہے، متاثرین زلزلہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے، مکمل بحالی تک حکومت اور اس کے ادارے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان زلزلہ متاثرین کی تمام ممکنہ معاونت اور بحالی کے لیے پر عزم ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر زلزلہ سے متاثرہ خاندانوں کے گھر گئی، زلزلہ متاثرین ان کے پیاروں کے غم پر ان سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، خیموں اور پانی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ عوام میں تقسیم کیں، آزمائش اور غم کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا افواج پاکستان، این ڈی ایم اے، حکومت پنجاب اور دیگر متعلقہ ادارے آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں دن رات سر گرم عمل ہیں، ایسے حالات میں سب سے بڑی قوت قوم کی یکجہتی، ایثار اور جذبہ احساس ہوتا ہے، یقین دلاتے ہیں کے متاثرین کی بحالی تک حکومت اور اس کے ادارے چین سےنہیں بیٹھیں گے، پورٹیبل ایکس ریز مشینز اور ادویات آج روانہ کی جائیں گی۔