اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے دورہ امریکہ سے متعلق ہفتہ وار میگزین میں شائع رپورٹ کو حکومتی ترجمان کی جانب سے من گھڑت قرار دے دیا گیا۔ حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کی قیادت کےتعلقات انتہائی خوشگوار اور برادرانہ ہیں۔
حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے لئے طیارے سے متعلق خبریں درست نہیں، اپوزیشن کا پراپیگنڈہ مایوسی کا اظہار اور پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعووی ولی عہد کے کہنے پر طیارہ کینیڈا سے واپس نیویارک نہیں بلایا گیا۔
حکومتی ترجمان نے مزید کہا کہ ترکی، ملائیشیا کےرہنماؤں سے وزیراعظم کی ملاقاتوں سے متعلق نظریہ بھی بے بنیاد ہے، ویکلی میگزین کی رپورٹ میں وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے کامیاب بات چیت کو کمزور کرنےکی کوشش کی گئی۔ یہ رپورٹ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ جاندار طریقے سے لڑنے کی بھی مخالفت ہے، عمران خان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور بھارتی مظالم کو بہترین انداز میں پیش کیا جس کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔