اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے، ہماری کوئی مجبوری نہیں، عدلیہ ریلیف دے حکومت من وعن عمل کرے گی۔
قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا رویہ افسوسناک ہے۔ مریض کے علاج کی بہترین جگہ ہسپتال ہے۔ اغوا کرنے والےمریض کو گھر میں لے کر جاتے ہیں۔ شریف خاندان نے نواز شریف کو جاتی امرا میں اغوا کر رکھا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف نے گمراہ کن پروپیگنڈا کیا۔ نواز شریف گولڈ میڈل یا ٹرافی جیت کر جیل نہیں گئے تھے۔ حکومت نے نہیں بلکہ عدالتوں نے نواز شریف کو مجرم قرار دیا تھا۔ شہباز شریف دو بیانیوں سے قوم کو بیوقوف نہ بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو ریلیف دیا۔ شہباز شریف جس کو تاوان کہہ رہے ہیں، وہ سہولت کاری ہے۔ دمڑی جائے چمڑی نہ جائے، جاتی امرا کا محل گروی رکھنے کے لیے تیار نہیں، عوام کی آنکھیں کھل جانی چاہیں، جن کیلئے سب کچھ کیا وہ بچے بانڈ دینے کو تیار نہیں ہیں۔