لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ دنیا کی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانے کی کوشش ہے، دنیا مودی سرکار کے جنگی جنون کا نوٹس لے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور کہا بھارت کے اندر سے عوام نے انتہاء پسند حکومت کو مسترد کر دیا ہے، بھارتی حکمران خطے میں آگ بھڑکانے کے درپے ہیں۔
شہباز شریف نے کنٹرول لائن پر پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا ان کی قربانیوں پر قوم کو فخر ہے، پاک فوج کے دو شہداء نے اپنی جان قوم اور وطن پر وار دی، یہ ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ شہداءکے درجات کو بلند فرمائے اور پسماندگان کا صبر جمیل دے۔