پتراجایا: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا میں ایڈوانس اسلامک انسٹیٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو مدینہ منورہ جیسی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، مافیا ملک کو پیچھے دھکیلنے کے درپے ہے، منافع خور مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، پاکستان میں ایلیٹ کلاس خود کو بالاتر سمجھتی ہے، امیر اور غریب کا فرق ختم کریں گے۔
دورہ ملائشیا کے دوران وزیراعظم عمران خان کو ایڈوانس اسلامک انسٹیٹیوٹ سے خطاب کی دعوت دی گئی جس سے وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزرتے وقت کے ساتھ پاکستان میں حکومت کی تمام توجہ معاشرے کے غریب عوام کو اوپر لانے پر ہے، آج کے جدید دور میں ہم چین کی مثال سے متاثر ہیں جس نے تیس سال میں 700 ملین لوگوں کو غربت سے نکالا۔
عمران خان نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سرمایہ بنانے کا موقع دیں گے اور اضافی دولت کو سوسائٹی کے غریب عوام پر خرچ کریں گے۔ ملک میں امیر اور غریب کا فرق ختم کرنا چاہتے ہیں۔ رول آف لاء ہمارے ملک میں بڑا مسئلہ ہے، کچھ ایلیٹ سیکشن خود کو قانون سے اوپر سمجھتے ہیں اور وقت کے ساتھ اس مافیا کو فروغ ملا، جنہوں نے اپنی طاقت کے استعمال سے قیمتیں بڑھا کر مہنگائی کی جس کا خمیازہ غریب لوگوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس
اس سے قبل مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ پاکستانی ہم منصب عمران خان سے ملاقات میں مسلم امہ کو درپیش مسائل سمیت عالمی معاملات پر گفتگو ہوئی، باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کی وزارتوں کے مابین رابطوں کے فروغ اور تجارت بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دفاع، تعلیم اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات میں اضافہ ہے، دونوں ملکوں کے عوام میں گہرے تعلقات ہیں، اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے کیلئے پاکستان اور ملائشیا مل کر کام کریں گے۔
وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر ملائشین ہم منصب کے پاکستانی موقف کی تائید پر ان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 6 ماہ سے لاک ڈاون ہے جس کے سبب صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے، بھارتی فوج کشمیری رہنماوں کو قید اور نوجوانوں کو شہید کر رہی ہے۔ بھارت کشمیر پر پاکستان کی حمایت کرنے پر لازما ملائشیا کو دھمکائے گا، پام آئل پاکستان بھجوانے سے روکنے کی بھی کوشش کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کوالالمپور کانفرنس میں عدم شرکت پر معذرت کا اظہار بھی کیا، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایک قریبی دوست کو کانفرنس سے متعلق ابہام تھا تاہم وہ حقیقت پر مبنی نہیں تھا۔
ملائشین ہم منصب سے ملاقات
پترا جایا میں ملائیشین ہم منصب کے آفس آمد پر میزبان وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ بعد میں وزیراعظم عمران خان کی ملائیشین ہم منصب کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔