اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں ماحول کا تحفظ ضروری ہے، ملک میں 15 نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ آئندہ نسلوں کیلئے بڑا قدم ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ماحول کو محفوظ بنانےسے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالامال ہے، ہمیں اسے اجاگر کرنا ہو گا۔ اپنی زندگی میں مری اور گلیات کو تباہ ہوتے دیکھا ہے، سیاحتی علاقے کھولنے سے پہلے ان کیلئے قوانین ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 نیشنل پارکس کا فیصلہ آئندہ نسلوں کیلئے بڑا قدم ہے، گائیڈ لائنز دیں گے کہ کیسے نیشنل پارکس کو محفوظ بنانا ہے، نیشنل پارکس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، لوگوں کوروزگار ملے گا تو وہ ان پارکس کا تحفظ کریں گے۔
عمران خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ہمارے شہروں کے ماسٹر پلان تک موجود نہیں جن کے سبب شہر تباہ ہو رہے ہیں، ماسٹراور ٹاؤن پلاننگ کر کے اپنے شہروں کو بچائیں گے۔