اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ ایک بار پھر موخر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کرنے کی ہدایت کی۔ خیال رہے کہ ای سی سی نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 2 روپے 79 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنےکا فیصلہ کیا تھا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو کے الیکٹرک سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے نیشنل گرڈ سے اضافی بجلی کی پیشکش کی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تاہم کے الیکٹرک کا سسٹم 720 میگا واٹ سے زائد بجلی نہیں لے سکتا۔ کے الیکٹرک کو 4500 ٹن فرنس آئل فراہم کیا جبکہ مزید 500 ٹن کی پیشکش بھی کی ہے۔
اجلاس میں کے الیکٹرک اور حکومت کے درمیان معاہدے پر نظر ثانی پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کے مسائل حل ہونے تک کراچی کو نیشنل گرڈ سے بجلی دی جائے۔ وفاقی وزیر امین الحق نے ٹیرف بڑھانے کا فیصلہ موخر کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔