وزیرخارجہ شاہ محمود سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر کی ملاقات

وزیرخارجہ شاہ محمود سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر کی ملاقات

وزیرخارجہ نے وولکن بوزکر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہو گا کیونکہ دنیا ایک طرف کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے تو دوسری طرف ہم عالمی معاشی بحران کو پنپتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر جامع اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

وزیرخارجہ نے جنرل اسمبلی کے صدر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کر رہا ہے۔خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے بین الافغان مذاکرات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے۔

اس سے پہلے وولکن بوزکر کی وزارت خارجہ پہنچے تو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا۔ وولکن بوزکر نے وزارت خارجہ کے لان میں بھی پودا لگایا۔