اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی، قومی رابطہ کمیٹی تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلوں کی حتمی منظوری دے گی، اجلاس میں سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت اہم فیصلے متوقع ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 48 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 954 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 138، سندھ میں ایک لاکھ 64 ہزار 651، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 932، بلوچستان میں 16 ہزار 846، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 558، اسلام آباد میں 27 ہزار 555 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 203 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 56 ہزار 120 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 165 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 31 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 751 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 48 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 879، سندھ میں 2 ہزار 845، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 330، اسلام آباد میں 285، بلوچستان میں 163، گلگت بلتستان میں 95 اور آزاد کشمیر میں 147 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔