لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ آفس میں آج انسداد پولیو مہم کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا باقاعدہ آغاز 30 نومبر سے ہوگا۔ 4 دسمبر تک جاری رہنے والی مہم میں 2 کروڑ بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انسداد پولیو مہم میں ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے اور انشاء اللہ اس مہم کے دوران 100 فیصد ویکسینیشن کا ہدف پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے مہم بہت اہمیت کی حامل ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے دیگر معاملات کی طرح انسداد پولیو مہم بھی متاثر ہوئی۔ ہمیں ہیلتھ کمیونٹی اور پولیو ورکرز کی صحت کا بھی احساس ہے۔ ضلع، تحصیل اور نچلی سطح پر پولیو ورکرز کی صحت کے تحفظ کے لئے ایس او پیز کے مطابق حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تمام اضلاع میں متعلقہ وزراء اور ارکان پارلیمنٹ بھی انسداد پولیو مہم میں شامل ہوں گے اور ضلعی اور تحصیل انتظامیہ انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران دوسرے صوبوں سے آنے والے بچوں کو انسداد پولیوکے قطرے پلانے کی خصوصی ضرورت ہے۔ پولیو فری سوسائٹی کا قیام ہم سب کی ضرورت اور ذمہ داری بھی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران انسداد پولیو قطرے پینے سے محروم رہ جانے والے بچوں کی خصوصی ویکسینیشن کا اہتمام کیا جائے۔ یہ محض ڈیوٹی نہیں بلکہ قومی خدمت ہے اور دیانتداری سے فرائض سرانجام دینے والے ورکرز قومی ہیرو ہیں۔
وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے مرض سے بچانے اور ان کے محفوظ مستقبل کیلئے انسداد پولیو قطرے لازم پلائیں۔