سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے، غاصب فوج نے ضلع پونچھ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
مقبوضہ وادی کے ضلع پونچھ کے علاقے ڈوگران میں قابض فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 نوجوانوں کو شہید کیا اور ایک نوجوان کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی جبکہ بھارتی فوج گشت کر کے خوف و ہراس پھیلاتی رہی۔ ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے شدید احتجاج کیا۔
واضح رہے کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں دُنیا کی تاریخ کا طویل ترین لاک ڈاون نافذ کر رکھا ہے جس کے دوران انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں جاری ہیں۔ 90 لاکھ کشمیری طویل عرصے سے قید کے سبب معاشی مسائل کا شکار ہیں جبکہ ان کو خوراک سمیت بنیادی ضروریات زندگی کے حصول میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔