کراچی: (دنیا نویز) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بحیرہ عرب میں بحری جہاز پرخصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بحری جہازدشت پر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، بحری جہاز دشت نے کھلے سمندر میں 20 کلومیٹر کا سفر طے کیا، تقریب کے موقع پربحری جہاز دشت کو پاکستانی اور کشمیری پرچم سے سجایا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹینٹ کمانڈر فرخ احمد کا کہنا تھا کہ آج یہاں جمع ہونے کا مقصد ظلم و بربریت کے خلاف کھڑے ہونا ہے کیونکہ قدرتی وسائل سے مالا مال اس خطے پر ہندوستان نے قبضہ کیا ہوا ہے۔ ڈپٹی ڈی جی پی ایم ایس اے کمانڈر فیصل صادق کا کہنا تھا پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اندرونی اور بیرونی محاز پر کشمیر کو اجاگر کرتی رہے گی جبکہ اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔