اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی اقتصادی اور معاشی صورتحال پر غور ہوگا۔ اس حوالے سے 9 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے چیئرمین اوگرا کی سمری منظوری کیلئے کابینہ اجلاس میں پیش ہوگی۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 30 نئی احتساب عدالتیں بنانے کی سمری پر غور کیا جائے گا۔
آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق ٹاسک فورس کے چیئرمین کابینہ کو بریفنگ دینگے۔ پبلک سیکٹر اداروں کے سربراہوں اور سی ای اوز کی پوسٹوں پر بریفنگ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔
وزارت مواصلات کی جانب سے میٹرو بس منصوبے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔
نان ٹریٹی ممالک کی جانب سے باہمی قانونی امداد کی درخواستوں کے معاملے پر غور ہوگا۔ کابینہ کمیٹی برائے سی پیک اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 فروری کے فیصلوں کی توثیق کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔