این اے 221 تھرپارکر:شرپسندوں‌ نے بیلٹ باکس سمیت سامان جلا دیا، 4 گرفتار

Published On 20 February,2021 11:15 pm

تھرپارکر: (دنیا نیوز) تھرپارکر کے حلقہ این اے 221 میں‌ ضمنی الیکشن کے سلسلے میں‌ پولنگ کا عمل جاری ہے، پیپلزپارٹی کے پیر امیر علی شاہ اور پی ٹی آئی کے نظام الدين راہموں میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔ چھاچھرو میں‌ شرپسندوں‌ نے بیلٹ باکس سمیت دیگر سامان جلا دیا ،پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا.

حلقہ قومی اسمبلی تھرپارکر 221 میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سمیت 12 امیدوار مدمقابل ہیں، ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 900 ہے جو اپنا حق رائےدہی استعمال کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنز پہنچنا شروع ہوگئے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

چھاچھرو میں شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں پولنگ سامان جل گیا۔ پولنگ کا عمل بھی معطل، پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

حلقے میں پولنگ اسٹیشنزکی کل تعداد 318 ہے جن میں سے 95 انتہائی حساس اور 130 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ حلقے میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، 4 ہزارپولیس اہلکار، ایک ہزاررینجرز کے جوان سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ قومی اسمبلی کی یہ نشست پیپلزپارٹی کے امیدوار پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
 

Advertisement