این اے 75 ری پولنگ: وزیراعظم کی پی ٹی آئی امیدوار کو چیلنج قبول کرنے کی ہدایت

Published On 22 February,2021 10:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ری پولنگ کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار کو اپوزیشن کا چیلنج قبول کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ شفاف اور آزادانہ الیکشن کی حمایت کی ہے۔ اگرچہ ہمیں این اے 75 ضمنی الیکشن میں قانونی طور پر کسی پابندی کا سامنا نہیں لیکن اس کے باوجود میں اپنے امیدوار سے درخواست کروں گا کہ وہ 20 پولنگ سٹیشنز میں ری پولنگ کی درخواست کرے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم انتخابات کے عمل میں شفافیت چاہتے ہیں اور اسی لئے ہماری خواہش ہے کہ سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ کیا لیکن بدقسمتی سے دوسروں نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔ جب ہم نے 2013ء میں صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تو اسے تسلیم کرنے میں دو سال کا عرصہ لگا دیا گیا۔

 

Advertisement