لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ماضی کے شوبازوں نے ماں اور بچہ کی صحت کے منصوبوں کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا، بزدار حکومت زچہ بچہ کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بزدار حکومت نے زچہ بچہ کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے مزید 5 مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتالوں کے قیام کی منظوری دیدی، سیالکوٹ، راجن پور، لیہ، بہاولنگر اور اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال بنائےجائینگے، مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتالوں کے قیام کے منصوبوں پر تقریباً 28 ارب روپے لاگت آئے گی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی عثمان بزدار جلد ان ہسپتالوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کے جلد قیام کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔