پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں 8 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز نے کورونا کی ویکسی نیشن کرالی۔ وزیر صحت نے کہا ہے کہ رواں ماہ سے بزرگ شہریوں کو ویکسین لگانے کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا میں طبی عملے کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 8 ہزار 220 ورکروں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2128 ورکرز کو ویکسین دی گئی۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پشاور میں مجموعی طور پر طبی عملے کے 3566 اہلکاروں کو ویکسین دی گئی ہے۔ سوات میں اب تک 1102، ایبٹ آباد میں 778 اور مردان میں 485 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین دی گئی ہے۔ کوہاٹ کے 255، نوشہرہ کے 258 اور ہری پور کے 290، صوابی کے 237 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اب تک 700 سے زائد طبی عملے کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی ہے جبکہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 1200 سے زائد ہیلتھ ورکروں کی ویکسینیشن کی جاچکی ہے۔ شہریوں نے کہا ہے کہ حکومت کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کرے۔
صوبہ کے تمام اضلاع سمیت قبائلی ضلعوں باجوڑ، کوہستان، اورکزئی اور مہمند میں بھی صحت عملے کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جاری ہے۔ حکام کے مطابق کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کے دوسرے مرحلے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں اور 60 سال سے زائد عمر کے برزگ افراد کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کیا جاچکا ہے۔