اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے چیئر مین سنییٹ الیکشن کے لیے نامزد کردہ امیدوار سیّد یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے قبل ہوم ورک ضروری ہے، ہم ناکامی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا ممنون ہوں اور یہ کامیابی ان کے نام کرتا ہوں۔ الیکشن سے پہلے آپ کی کمال حکمت عملی نے حکمرانوں دوڑیں لگوا دی تھیں۔ آپ کی اس کامیابی سے اقتدار کے ایوانوں می لرزہ طاری ہے۔ حکمرانوں کو یہ شکست ہضم نہیں ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کی جیت دراصل جمہوریت کی فتح ہے۔ سینیٹ الیکشن جیتنے کے لئے عمران خان نے اراکین اسمبلی کو 50 کروڑ روپوں تک کے فنڈز سے نوازا۔
یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ میں 242 ووٹوں سے وزیراعظم بنا، عمران خان 4 ووٹوں سے وزیراعظم بنے، لانگ مارچ سے قبل ہوم ورک ضروری ہے، ہم ناکامی کے متحمل نہیں ہوسکتے، میں ایک سیاسی کارکن ہوں، میں لڑوں گا اور آخر تک لڑوں گا۔