وزیراعظم نے آئندہ ڈھائی سال میں معاملات بہتر کرنے کا ٹاسک دیدیا، اسد عمر

Published On 17 March,2021 10:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے مہنگائی بہت بڑا چیلنج ہے، اسے کم کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئندہ ڈھائی سال میں معاملات بہتر کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہماری دوسری اننگز کا آغاز ہوا ہے، ترجیحات دوبارہ طے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کام کرنے کے طریقہ کار میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بہتری کی بہت گنجائش ہے۔ حکومت اچھے کام کر رہی ہے لیکن لوگوں کو پتا نہیں چلتا۔ عثمان بزدار میڈیا میں زیادہ آئیں تو لوگوں کو کاموں کا پتا چلے گا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو سندھ سمیت دیگر شہروں کا دورہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم خود بھی اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں۔ وہ آئندہ چند روز میں کراچی سمیت دیگر شہروں کا دورہ کریں گے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں ماڈرن ٹرانسپورٹ کے نظام پر کام کر رہے ہیں۔ کراچی کے منصوبوں کو خود مانیٹر کرتا ہوں۔