اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان نے صوبائی عہدیداروں کو لانگ مارچ کی تیاریاں جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر جے یو آئی کے صوبائی عہدیداران کے نام خط لکھا گیا، جس میں کہا گیا تمام صوبائی جماعتیں لانگ مارچ کی تیاریاں جاری رکھیں، لانگ مارچ کی تیاریوں میں کسی قسم کی سستی کا مظاہرہ نہ کریں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ پی ڈی ایم کی 9 جماعتیں استعفوں اور لانگ مارچ پر متفق ہیں، پیپلزپارٹی نے استعفوں سے متعلق وقت لیا ہے، پیپلزپارٹی کے فیصلے تک لانگ مارچ کو موخر کیا گیا، پیپلزپارٹی اپنے اجلاس کے فیصلے سے جلد پی ڈی ایم کو اگاہ کرے گی۔
یاد رہے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آدھا ایوان خالی ہو گیا تو انھیں استعفے دینا پڑیں گے، کل 10 جماعتوں میں سے 9 کی رائے تھی کہ لانگ مارچ سے قبل استعفے دینا چاہیں، مگر پیپلز پارٹی یہ معاملہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں رکھے گی پھر اپنا موقف بتائے گی۔
فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم متحد ہے، اختلاف رائے ہوتا رہتا ہے، کل بھی ایسا ہوا تھا، ہمیں پیپلز پارٹی کے موقف کا انتظار ہے، خدا کرے انہیں سمجھ آ جائے، ہم پیپلز پارٹی کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جب پی ڈی ایم بنا رہے تھے تو اس میں استعفے کا آپشن رکھا، اس میں یہ نہیں لکھا کہ استعفوں کا آپشن لاسٹ ہوگا یا ایٹم بم ہیں۔