بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود اہم ترجیحات میں شامل ہے، وزیر خارجہ

Published On 26 March,2021 06:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح وبہبود ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بات انہوں نے برطانوی ہاؤس آف لارڈرز کے رکن لارڈ واجد خان سے ملاقات کے موقع پر کی۔ دوران ملاقات پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی ہاؤس آف لارڈ کا رکن منتخب ہونے پر لارڈ واجد خان کو مبارکباد دی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد برطانیہ میں مقیم ہے جو مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

لارڈ واجد خان نے کورونا عالمی وبائی صورتحال کے باعث برطانیہ اور یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپی ممالک کے مابین دو طرفہ سیاسی، تجارتی وکثیر الجہتی دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے برطانیہ سمیت عالمی برادری سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا ناگزیر ہے۔
لارڈ واجد خان نے مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے، اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
 

Advertisement