اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کی مبارکباد دی جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرنے پر اے این پی کے ایمل ولی خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کی مبارک باد دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن کے تمام سینیٹرز کو ساتھ لے کر چلنے کی ہدایت کیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ سینیٹ میں عوام دشمن حکومتی اقدامات کیخلاف اپوزیشن کی بھرپور ترجمانی کریں۔ اپوزیشن مل کر اور متحد رہ کر حکومت کو ہر محاذ پر شکست دے سکتی ہے۔
انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کو بھی فون کیا۔ بلاول بھٹو نے ایمل ولی خان سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے اے این پی کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کو ایمل ولی خان نے سینیٹ میں پیپلز پارٹی کا اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔