لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انتظامیہ اور پولیس کو قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر قانون، چیف سیکرٹری اور آئی جی نے ملاقات کرکے امن و عامہ کی صورتحال بارے تفصیل سے بتایا۔
وزیراعلیٰ نے ٹریفک بحال کرنے پر انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کی فرض شناسی کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ راستے بند ہونے سے عوام خصوصاً بوڑھوں، بیماروں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، میں ذاتی طور پر عوام سے معذرت خواہ ہوں، عوام کو پریشان نہیں دیکھ سکتا، راستے بند کرنا قابل مذمت اقدام ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال کی ذاتی طور پر رات بھر سے مانیٹرنگ اور احکامات جاری کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور انتظامیہ کی بروقت کارروائیوں سے بیشتر راستے بحال ہو چکے ہیں۔ معمولات زندگی کی مکمل بحالی تک نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔