لاہور: (دنیا نیوز) جیل سے رہائی کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے رابطہ کیا ہے۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے لیگی صدر شہباز شریف کو رہائی پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مولانا کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مزاج پرسی کی دونوں رہنماوں کا ملک کی مجموعی صورتحال اور پی ڈی ایم کے ایجنڈے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مولانا فضل الرحمن نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس بلانے کے حوالے سے شہبازشریف کو اعتماد میں لیا۔
دونوں رہنماوں نے ملک بھر میں کورونا وباکی شدت، ملک میں آکسیجن میں کمی اور اموات کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔