اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے جائیں اور مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت آئندہ بجٹ اور ملکی معیشت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، اسد عمر، فواد چودھری، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی وزرا ہاشم جواں بخت، تیمور سلیم جھگڑا اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے پارٹی کی سینئر قیادت سے تجاویز طلب کی گئیں۔
اجلاس میں ملکی معیشت، مہنگائی کو روکنے کیلئے حکمت عملی اور آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقیاتی بجٹ ہوگا جس میں تمام تر توجہ شرح نمو میں اضافے پر ہوگی۔ آئندہ مالی سال میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز تر کرکے نئے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے جی ڈی پی کا حجم بڑھے گا اور محصولات میں اضافہ ہوگا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی ہے تاہم حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت کا پہیہ رواں ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا وباء کے باوجود حالیہ سمارٹ لاک ڈاؤن سے پہلے محصولات کی شرح پچھلے سال اپریل سے تقریباً دُوگُنا ریکارڈ کی گئی۔
وزیراعظم کو مہنگائی کو روکنے کیلئے بنائی گئی جامع حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ہدایت دی کہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔