اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے پاک افغان سرحد پر پاکستانی فوجیوں پر منظم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں سرحد پر جاری امن و استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔
ژوب ضلع میں پاکستانی فوجیوں پر حملے کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم وبیش 20 دہشت گردوں نے پاکستان کی باڑ لگانے والی پارٹی پر آج صبح حملہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے میں چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی سپاہی شہید جبکہ 6 شدید زخمی ہوئے۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ اسلام آباد میں قائم افغانستان کے سفارتخانے کو کہہ دیا گیا ہے کہ متعلقہ افغان حکام کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغان سرزمین سے متحرک دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر اقدامات کیے جائیں جبکہ متفقہ پروٹوکول اور ایس او پیز پر عملدرآمدر کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جائے۔