لاہور: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے،
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطین کے صدر محمود عبّاس کے نام خط لکھا ہے، صدر کا رمضان میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر متشدد حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت کا حملوں میں شہید ہونے والوں کیلئے اظہارِ افسوس اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
عارف علوی کی طرف سے لکھے گئے خط میں لکھا کہ معصوم بچوں اور فلسطینیوں کے قتل پر آپکے پاکستانی بہن بھائی آپکے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی تشدد اور غیر قانونی اقدمات کی پرزور مذمت کرتا ہے، اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اِنسانی اقدار کے خلاف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: محمود عباس کو فون، وزیراعظم کا فلسطینی عوام کی جدوجہدکی مکمل حمایت کےعزم کااعادہ
انہوں نے خط میں لکھا کہ ہم فلسطینیوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، فلسطین کے حقوق کیلئے بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
صدر کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پاکستان سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور ایک آزاد، پائیدار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا حامی ہے، پاکستان 1967 سے قبل کی سرحد اور القدس شریف بطور فلسطینی دارالحکومت کا حامی ہے، صدر مملکت نے خط میں فلسطینی صدر اور عوام کیلیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔