اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور جاپان نے عالمی امن اور سلامتی کے فروغ کے لئے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے منگل کے روز آن لائن ہونے والے پاکستان جاپان سیکیورٹی مذاکرات کے آٹھویں دور کے موقع پر کیا گیا۔
ان مذاکرات کے دو حصے تھے جن میں سیاسی وفوجی مذاکرات اور فوجی مذاکرات شامل تھے۔ سیاسی وفوجی مذاکرات کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری زاہد حفیظ چودھری جبکہ جاپان کی وزارت خارجہ کے کوبایاشی کینچی نے اپنے ملک کے وفد کی قیادت کی۔
فوجی مذاکرات میں پاکستان کے وفد کی قیادت رئیر ایڈمرل مرزا فواد امین بیگ جبکہ جاپانی وفد کی قیادت جاپان کی وزارت دفاع کے ناگوچی یاشوشی نے کی۔
فریقین نے سیکیورٹی پالیسیوں کیساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور جاپان کے مابین سیکیورٹی کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔
زاہد حفیظ چودھری نے جاپانی وفد کو ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات سے آگاہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کوششوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن واستحکام کے لئے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ فریقین نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون اور مفاہمت مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔