راولپنڈی: (دنیا نیوز) ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے 26 جون کو اغوا ہونے والے پانچ مزدور بازیاب کرا لیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے 26 جون کو کرم ضلع سے 16 مزدوروں کو اغوا کیے، اگلے روز 10 کو چھوڑ دیا جبکہ ایک کو قتل کر دیا۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا مسلسل تعاقب جاری رکھا۔ 13 جولائی کو مقابلہ میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال نے جام شہادت نوش کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 جولائی کو سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں 5 مزدور بازیاب کرا لیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہیں اور شہری بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔