گریٹر اقبال پارک واقعے کےمزید 26 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا: فیاض چوہان

Published On 22 August,2021 02:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ گریٹر اقبال پارک واقعہ بارے گذشتہ رات فیصل آباد، قصور اورشیخوپورہ میں پولیس ٹیموں نے چھاپے مار کر مزید 26 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ گریٹر اقبال پارک میں خاتون پر تشدد اور دست درازی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس کی کاروائیاں جاری ہیں۔ واقعہ کے حوالے سے اب تک 407 مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کیا گیا جن میں سے 92 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ باقی تمام افراد کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں سے 40 کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوایا جا چکا ہے جبکہ مزید 30 کو آج بھجوایا جائے گا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ چنگ چی رکشہ میں خاتون کے ساتھ بد تمیزی واقعہ کے مقدمہ میں ہونے والی پیش رفت سے بھی میڈیا کو آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ صحافیوں اور عوام سے گذارش ہے کہ وہ بغیر تصدیق کسی خبر یا اطلاع کو آگے نہ پھیلائیں۔
 

Advertisement