اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور زیادہ مضبوط ہو جاتی ہیں، 1965 میں پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح دشمن کے سامنے ڈٹ گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کو بھارت نے پاکستان پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی، پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئی، بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے، بہادر افواج نے ثابت کیا وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ہمارے جوان جان کی پرواہ کیے بغیر جرات و بہادری سے لڑے۔ انہوں نے کہا 6 ستمبر مسلح افواج کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ہمارے شہدا اور غازی ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وطن کی سلامتی، جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دشمن نے کبھی بھی پر امن بقائے باہمی کا مظاہرہ نہیں کیا، دشمن نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک کئی جنگیں مسلط کی ہیں۔
وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج شہیدوں اور قوم کے بیٹوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، شہداء نے 1965 میں وطن عزیز کے لئے انمول قربانیاں دیں، آج ملک کا دفاعی نظام اللہ کے حکم سے ناقابلِ تسخیر ہے، پاکستانی مسلح افواج اندرونی اور بیرونی خطرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے مکمل تیار ہیں۔
فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ ہم چوکس ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں، آج کے دن کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ کھڑے ہونے کے اپنےعزم کی تجدید کرتا ہوں، میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں، پاکستان کی خاطر کوئی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کروں گا۔