اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں اگرکسی سے اچھے کام کی امید کرنی ہے توعمران سے ہی کرسکتے ہیں۔ ہم پاکستان میں کوالٹی ڈیموکریسی چاہتے ہیں۔
جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کوالٹی ڈیموکریسی تب آئے گی جب اداروں کو قانون کے تابع کریں گے، ہر چیزعمران خان نے نہیں کرنی، اداروں کا اپنا ایک رول ہے، پرابلم یہ ہے تمام ادارے دوسروں سے کوالٹی چاہتے ہیں، اپنی کوالٹی نہیں، ہماری عدالتیں کہتی ہیں سیاست دانوں کوکام کرنا چاہیے، ہم عدالتی نظام ایسے ہی چلائیں گے، الیکشن کمیشن بھی ایسے ہی چاہتا ہے، ہم ایسے ہی کام کریں گے، ہم پاکستان میں کوالٹی ڈیموکریسی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا ایرانی، روسی، چین، افغانستان، بھارتی میڈیا سے مضبوط ہے، پانچ دن سے فیک آرڈیننس پر وزیراعظم، وزیراطلاعات کے خلاف کمپین چل رہی ہے لیکن کچھ نہیں کرپارہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ ہم سب کو قانون کے تابع ہونا چاہیے۔ کتنی مرتبہ آصف زرداری، نوازشریف اکٹھے ہوئے، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹوکا آپس میں کچھ بھی کامن نہیں لیکن اکٹھے ہو جاتے ہیں، ان کا مقصد لوگوں کے سروں پرپاؤں رکھ کراقتدارمیں آنا ہے۔ پاکستان میں اگرکسی سے اچھے کام کی امید کرنی ہے تو عمران خان سے ہی کر سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سسٹم کوتبدیل کرنے کی بات صرف عمران خان کررہا ہے ،پیپلزپارٹی جمہوری پارٹی کا دعوی کرتی ہے، کیا تصورکیا جاسکتا ہے کہ کسی پارٹی کا چیئرمین وصیت کے ذریعے لگایا جائے، مریم نوازدروازے سے باہرنکلتی ہیں اور شاہدخاقان عباسی ہاتھ باندھ کرکھڑے ہوتے ہیں۔