خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) قوم کے معماروں کی عظمت کو سلام، پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیچرز ڈے آج منایا جارہا ہے۔
قوم کے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والوں کو آج خراج تحسین پیش کیا جائے گا، استاد معاشرے کا اہم ستون ہے، والدین کے بعد اساتذہ ہی بچوں کی شخصیت سازی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، دن منانے کا مقصد اساتذہ کی خدمات، تعلیم اور معاشرے کی تعمیر میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں اساتذہ کی خدمات، تعلیم اور معاشرے کی تعمیر میں ان کے کردار کو اجاگر کیا جاتا ہے، اساتذہ نئی نسل کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت اور کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
استاد معاشرے کا اہم ستون ہے، جو طلبہ کو صرف کتابی علم نہیں دیتا بلکہ انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے، بہتر فیصلے کرنے اور ذمہ دار شہری بننے کے لیے بھی تیار کرتا ہے، والدین کے بعد اساتذہ ہی بچوں کی شخصیت سازی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
اساتذہ کا کردار صرف کلاس روم تک محدود نہیں بلکہ ایک استاد اپنی محنت، رہنمائی اور تربیت کے ذریعے طلبہ کے مستقبل کی بنیاد مضبوط کرتا ہے۔
اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی تعلیمی عمل کا اہم حصہ ہے کیونکہ ان کی خدمات کا اعتراف انہیں مزید محنت اور جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ترغیب دیتا ہے۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ استاد کی اصل کامیابی اس وقت ہوتی ہے جب اس کے شاگرد تعلیم کے ساتھ اچھے اخلاق، مثبت سوچ اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرے کے لیے مفید شہری بنیں۔