اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت انصاف اور قانون کی بالادستی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں لارڈ واجد خان، ناز شاہ اور محمد یاسین شامل تھے۔
وفد نے وزیرِ اعظم کو اسلام و فوبیا پر آواز بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے ریاستِ مدینہ کی طرز پر پہلی دفعہ معاشی و سماجی اقدامات کی بھی تعریف کی اور پسماندہ طبقات کیلئے سماجی تحفظ و تخفیف غربت کے اقدامات اٹھانے پر خراجِ تحسین پیش کیا. اسکے علاوہ آزاد کشمیر میں نو منتخب حکومت کے عوامی فلاح کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
ملاقات میں حکومت کے مختلف اقدامات، عوام دوست پالیسیوں پر بھی بات چیت کی جبکہ ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نظام حکومت کے حوالے سے ہمارا ماڈل ریاست مدینہ ہے، فلاحی ریاست اور قانون کی بالادستی ریاستِ مدنیہ کے سنہری اصول تھے، حکومت انصاف و قانون کی بالادستی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، معاشرتی ترقی کےلئے معاشرے کے ہر طبقے کی ترقی پر توجہ دینا ضروری ہے۔