راولپنڈی:(دنیا نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ہونے والی انسداد دہشت گردی مشقیں اختتام پذیر ہوگئیں۔مشقوں میں پاکستان اور چین کی سپیشل فورسز نے حصہ لیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ہونے والی انسداد دہشت گردی مشقوں کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اور چین کی سپیشل فورسز نے مشقوں میں حصہ لیا، مشقوں میں دہشتگردی خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا جبکہ اختتامی تقریب نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کا مقصد بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانا تھا،ان مشقوں سے سپیشل فورسز کی استعداد کار بڑھانے کا موقع ملا جبکہ مشقوں میں پاکستانی اور چینی دستوں نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایس سی او کے تحت انسداد دہشت گردی کی مشقیں تھیں، اس دوران انسداددہشتگردی کے حوالے سے مختلف ڈرلز اور آپریشن کیے گئے، علاقے کا محاصرہ، سرچ ،کلیئرنس اور کلوز کوارٹر بیٹل کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ ان مشقوں سے انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں ربط مزید مضبوط ہو گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کا پہلا مرحلہ چین میں 26 سے 31 جولائی تک منعقد کیا گیا تھا، دوسرا مرحلہ 21 ستمبر سے 4 اکتوبر تک پاکستان میں ہوا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود کمانڈر سینٹرل کمانڈ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔