اسلام آباد: (دنیا نیوز) آج نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کا 73 واں یوم شہادت ہے۔ پاک فوج کے بہادرسپوت نے وطن کی حفاظت کرتے ہوئے 26 اکتوبر 1948 کو جام شہادت نوش کیا تھا۔
نائیک سیف علی جنجوعہ نے 18 سال کی عمر میں برٹش انڈین آرمی کی رائل کور میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی اور دوسری جنگ عظیم میں چار سال بیرون ملک محاذ پر بھی تعینات رہے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ سردار فتح محمد کریلوی کی حیدری فورس میں شامل ہوگئے جو بعد ازاں آزاد کشمیر رجمنٹ کا حصہ بنی۔
نائیک سیف علی جنجوعہ نے 1948 کی جنگ میں بھارتی فوج کی بریگیڈ کا مقابلہ ایک پلاٹون سے کرتے ہوئے نہ صرف دشمن کو پسپا کیا بلکہ ایک جہاز بھی مارگرایا۔ پاک فوج کے بہاد ر سپوت نے وطن کی حفاظت کرتے ہوئے 26 اکتوبر 1948 کو جام شہادت نوش کیا۔
14 مارچ 1949 کو حکومت آزاد کشمیر نے شہید نائیک سیف علی جنجوعہ کو ہلال کشمیر عطا کیا جو نشان حیدر کے مساوی اعزاز ہے، حکومت پاکستان نے ان کی لازوال قربانی کی یاد میں 30 اپریل 2013 کو ایک یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا۔