خیبرپختونخوابلدیاتی انتخابات، 2ہزار32 امیدواربلامقابلہ منتخب

Published On 19 December,2021 08:55 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 2ہزار32 امیدواربلامقابلہ منتخب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جنرل نشستوں پر 217 امیدواربلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں،خواتین کی نشستوں پر 876 امیدوار،کسان نشستوں پر 285 امیدواربلامقابلہ منتخب ہو گئے۔ یوتھ نشستوں پر 500 امیدوار جبکہ اقلیتی نشستوں پر 154 امیدواربلامقابلہ فتح یاب ہوئے ہیں۔

مجموعی طور پر خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5بجے تک بغیر وقفےکے جاری رہے گی جس میں ایک کروڑ26 لاکھ 68 ہزار 662 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ صوبے میں مرد ووٹرز کی تعداد 70لاکھ15 ہزار767 ہے جبکہ خواتین 56لاکھ 53ہزار 95 ووٹر ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 17 اضلاع میں 9ہزار223 پولنگ اسٹیشن،28ہزار892 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ 2 ہزار 528 پولنگ اسٹیشن نارمل، 4122 حساس اور2507 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قراردیا گیا ہے۔
 

Advertisement