راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان پر بین الاقوامی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، وہاں انسانی المیہ کو جنم لینے سے روکنا ہو گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کمانڈر رائل بحرین نیول فورس محمد یوسف العصام نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو ) کا دورہ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بحرینی کمانڈر نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کااظہار کیا جبکہ پاکستان کی مسلح افواج کے پروفیشنلزم کی تعریف کیساتھ ساتھ افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار اور بارڈر منیجمنٹ کو سراہا۔
اس موقع پر سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ روایتی روابط کی روایت برقرار رکھنا چاہتا ہے، دیرپا ہمہ جہتی تعاون اور تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں، افغانستان پر بین الاقوامی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، افغانستان میں انسانی المیہ کو جنم لینے سے روکنا ہوگا، افغانستان میں امن و مفاہمتی اقدامات کی اہمیت اور ضرورت ہے۔