پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا اور غیر حتمی نتائج کے مطابق جے یو آئی (ف) نے پی ٹی آئی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ 23 نشستیں جیت لیں۔
خیبر پختونخوا میں میں ری پولنگ کے غیر حتمی نتائج کے مطابق 17 اضلاع میں 5 سٹی کونسل اور61 تحصیلوں کے الیکشن ہوئے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق جے یوآئی 3 سٹی میئرکے ساتھ 23 نشستیں حاصل کرکے سب سے آگے رہی جبکہ پاکستان تحریک انصاف 1 سٹی مئیرکیساتھ 19 نشستوں سے دوسرے ، 9 آزاد امیدوار تیسرے ، اے این پی 1 سٹی میئر سمیت7 تحصیل چیئرمین کیساتھ چوتھے، مسلم لیگ ن 3، جماعت اسلامی اورتحریک اصلاحات نے دودونشستیں حاصل کیں۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں ایک نشست آئی۔
میئر ڈیرہ اسماعیل خان کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا
ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین کامیاب ہو گئے۔ جے یو آئی کا دوسرا نمبر ہے۔
خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ری پولنگ ہوئی۔ 13 اضلاع میں سٹی میئر، تحصیل چیئرمین، نیبرہڈ، ویلج کونسلز کی سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ انیس دسمبر کو پہلے مرحلے کے انتخابات میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کئی پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔
سب سے اہم نشست سٹی میئر ڈی آئی خان پر پی ٹی آئی نے دھاک بٹھا دی۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے۔
سٹی میئر پشاور میں 6 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ ووٹ کاسٹ کئے گئے۔ جے یو آئی کے زبیر علی نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے مزید 1030 ووٹ حاصل کرلئے، ان کے ووٹوں کی مجموعی تعداد 63 ہزار 418 ہوگئی۔ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش مزید 736 ووٹ حاصل کرسکے، انہوں نے مجموعی طور پر 51 ہزار 395 ووٹ حاصل کئے۔
پشاور کی تحصیل پشتخرہ میں جے یو آئی کے ہارون صفت نے مزید 26 ووٹ لے کر سیٹ اپنے نام کرلی۔ خیبر کی تحصیل باڑہ میں ری پولنگ کے دوران آزاد امیدوار عبدالرزاق آفریدی نے 985 ووٹ لئے مگر مجموعی ووٹوں کی تعداد میں وہ جے یو آئی کے مفتی کفیل سے نشست ہار گئے۔
کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ میں پی ٹی آئی کے عنایت خٹک کامیاب ہوئے۔ بنوں کی تحصیل ڈومیل میں سیٹ پی ٹی آئی کے اسرار خان وزیر کے نام رہی۔ نوشہرہ کی تحصیل جہانگیرہ میں دوبارہ گنتی میں پی ٹی آئی کے کامران رازق منتخب ہوئے۔