راولپنڈی:(دنیا نیوز) ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی ملاقات میں دوطرفہ و علاقائی سلامتی، افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو، دوطرفہ فوجی و دفاعی تعاون میں وسعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں کی ملاقات میں باہمی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان، ترکی ہر مشکل کے ساتھی، تذویراتی تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ترک جنرل کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔