اسلام آباد:(یاسر ملک سے) وزیراعظم کے زیرصدارت معاشی ماہرین کا ہنگامی اجلاس ہوا، شہباز شریف نے قومی بیلنس شیٹ کے حقائق سے آگاہی حاصل کی، اجلاس میں ملک کو درپیش سنگین معاشی چیلنجز پر تفصیلی غور، نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم کے زیرصدارت معاشی ماہرین کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں شہباز شریف نے معاشی بہتری کے لیے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، بینکاری کے شعبہ میں تجاویز دی جائیں، تاجر و کاروباری برادری سمیت تمام متعلقہ طبقات کی آراء کی روشنی میں تجاویز مرتب کی جائیں۔
اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے تجاویز کے حصول کے لئے آئندہ چند دنوں میں سمٹ منعقد کرنے، نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا۔
اجلاس میں شہباز شریف نے کہا کہ کونسل غیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی، سنگین مالی خطرات کے باعث فوری، وسط اور طویل المدتی اہداف کا واضح تعین کریں، پالیسی آپشنز پر جامع سفارشات پیش کریں تاکہ ان کی روشنی میں ٹھوس اقدامات لئے جاسکیں، عوام کو ریلیف اور مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے بھی جامع تجاویز مرتب کی جائیں۔
انہوں نے رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی اور عوامی مفادات کے درمیان بہترین توازن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔