لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ فسطائی حکومت کا عمران خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا نہایت ہی بھونڈی حرکت ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شریفوں نے نہ تاریخ سے سبق سیکھا اور نہ ہی اپنی حرکتوں سے باز آئے، انتقامی سیاست کو شریف برادران نے اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، وہ انتقامی ہتھکنڈوں سے باز رہیں، امپورٹڈ حکومت مذہب کارڈ کھیل کر خطرناک اقدام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعہ سے عمران خان کا کیا تعلق؟ عمران خان واضح اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس طرح کی ہدایت دینے کا تصور بھی نہیں کرسکتے، پوری قوم کو معلوم ہے کہ جس رات مسجد نبوی ﷺ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، اس رات عمران خان اور ان کے کارکن شب دعا میں مصروف تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے اس واقعہ کی آڑ میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر مقدمات کا اندراج قابل مذمت ہے، عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف جو قرارداد منظور کرائی، اس پر پوری مسلم دنیا انہیں خراج تحسین پیش کر رہی ہے، یہ وہ اعزاز ہے جس کی توفیق عمران خان جیسے سچے عاشق رسولﷺ ہی کو نصیب ہو سکتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے اپنا دوٹوک موقف دے چکے ہیں، عمران خان عشق نبویﷺ سے سرشار ہیں، عمران خان کو مسجد نبوی ﷺ میں ہونے والی نعرہ بازی میں ملوث کرنے کی کوشش کرنا شہبازشریف اور ان کی امپورٹڈ حکومت کی حواس باختگی کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کیلئے عمران خان ایک عالمی آواز بن کر ابھرے ہیں، پہلی مرتبہ کسی مسلم حکمران نے مغرب کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ توہین رسالت کے مرتکب عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔