وزیراعظم کی فون ڈپلومیسی، صدر، سیاسی دوستوں، عسکری قیادت کو عید کی مبارکباد

Published On 04 May,2022 10:11 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم کی فون ڈپلومیسی، شہباز شریف نے صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، سابق صدر آصف علی زرداری سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین اور وزرا اعلیٰ، عسکری قیادت کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون کیا، انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو ٹیلی فون کیا اور اہل جموں و کشمیرکو عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر نماز عید کے اجتماعات پر پابندیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کشمیریوں کو حق استصواب رائے ملنے تک بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلیفون پر سندھ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے وزرا اعلیٰ اور قائم مقام گورنر بلوچستان کو بھی عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ او ر وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ٹیلیفون کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے بیرون ملک دورے پر ہونے کی وجہ سے وزیراعظم کی ان سے بات نہ ہوسکی۔

شہباز شریف نے تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین کو ٹیلی فون پر عید کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا اور عید کی مبارکباد دی۔ سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو مبارکباد دی اور ٹیلیفون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی فون پر گفتگو کی، عید کی مبارکباد دی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے کامیاب دوروں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی ۔

شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلیفون کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی، دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، محسن داوڑ، خالد مقبول صدیقی، سردار اختر مینگل، علامہ ساجد میر اور خالد مگسی، محمود خان اچکزئی، علی نواز شاہ، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، چودھری سالک حسین سے بھی فون پر بات کی اور عید کی مبارکباد دی۔ شہباز شریف نے سالک حسین سے چودھری شجاعت حسین کی مزاج پرسی کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شہباز شریف کی سروسز چیفس سے ٹیلیفون پر گفتگو،عیدالفطر کی مبارکباد

وزیراعظم آفس کے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو کو بھی ٹیلیفون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم سے علمائے کرام کی ملاقات، شہباز شریف کی عید کی مبارکباد

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی لاہور میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی تناظر میں شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر علامہ راغب نعیمی، نبیرہ راغب نعیمی اور مفتی امتیاز نے ملاقات کی۔

 

Advertisement