اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کے معاملے کی مذمت کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے پنجاب میں آئین و قانون کی کھلی توہین کے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیاں پنجاب میں آئینی انارکی و فساد کو ہوا دے رہی ہیں، پہلے گھوسٹ انتخاب کے ذریعے ایک مجرم کٹھ پتلی بطور وزیراعلیٰ صوبے پر مسلط کیا گیا، اب تمام دستوری تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے صدر کے منصب کی توہین کی گئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ گورنر پنجاب کو دستور کے تحفظ پر اصرار کے باعث نہایت شرمناک طریقے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی، پنجاب میں اس کھلی دستور شکنی کا خاموشی سے تماشا دیکھا جا رہا ہے، لازم ہے کہ عدالتِ عظمیٰ صورتحال کی نزاکت کے پیشِ نظر معاملے کو از خود دیکھے، ن پنجاب میں ضمیر فروشوں کا معاملہ بھی بلا تاخیر انجام تک پہنچایا جائے۔