اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے ذریعے افغانستان کے طلباء کو ورچوئل اور آن لائن تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کی پاکستان کی پیشکش کا اعادہ کیا ہے۔
صدر مملکت نے افغانستان کو پیشکش جامعہ دارالعلوم کراچی کے صدر مفتی محمد تقی عثمانی کے ذریعے کی جو افغانستان کے دورے پر ہیں، توقع ہے وہ افغانستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
صدر نے کہا کہ افغانستان میں ملک گیر انٹرنیٹ نہیں، ابتدائی طور پر تعلیمی مواد ٹیلی ویژن کے ذریعے افغان طلباءتک پہنچایا جاسکتا ہے۔ حکومت اور ریاست پاکستان خواتین کو مردوں کے برابر تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے، افغانستان کی مخصوص سماجی و اقتصادی روایات کے پیش نظر خواتین کی تعلیم کیلئے خصوصی انتظامات کئے جاسکتے ہیں، اسلام میں خواتین کی تعلیم پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ باقی دنیا کے خدشات دور کرنے کیلئے افغانستان کو اپنی ترجیحات کے مطابق خواتین کو تعلیم کی فراہمی کیلئے اقدامات کو میڈیا اور مواصلات کے تمام ذرائع سے پھیلانا چاہیے۔
عارف علوی افغان سفیر ، قونصل جنرلز اور دیگر حکومتی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران افغانستان کو ورچوئل تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کرچکے ہیں جس کا افغانستان کی طرف سے مثبت جواب ملا ہے۔