لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو نئے انتخاب کے لیے تیاری کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ 6 سے 8 ہفتوں میں آئندہ عام انتخابات ہوسکتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ایوان وزیر اعلیٰ میں اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو دو ہفتوں میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی اور پارٹی تنظیمیں انتخابات کی تیاری کریں تنظیمیں مکمل کی جائیں تاکہ انتخاب میں بھرپور انداز میں جائیں، 25 مئی کو جنہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا قانون ان کے حوالے سے راستہ اختیار کرے گا، مجھے پتہ ہے جن لوگوں نے ہمارے ساتھ دو نمبری کی، سب کے سامنے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ہاشم جواں بخت کی ملاقات
عمران خان سے ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سابق صوبائی وزیر ہاشم جوان بخت کی ملاقات ہوئی۔
سابق وزیراعظم نے پنجاب میں احساس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام پر عملدرآمد کے لئے ڈاکٹر ثاینہ نشتر کو ذمہ داری دے ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ سابق پنجاب حکومت نے غریب خاندانوں کی مدد کے لئے ہمارے اس شاندار پروگرام کو روکا، سابق پنجاب حکومت نے غریب اور نادار افراد کی فلاح و بہبود کے اس اہم پروگرام کو نظر انداز کیا، احساس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس پروگرام کو ناصرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی۔
ڈاکٹر ثاینہ نشتر نے احساس پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے عمران خان کو بریفنگ دی۔
عمران خان سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی ملاقات
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں عمران خان نے اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر سبطین خان کو مبارکباد دی جس پر سبطین خان نے ذمہ داری کے لئے اعتماد کرنے پر عمران خان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔
عمران خان سے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
پارٹی کے سینئر رہنما شفقت محمود نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کی، ملاقات میں شفقت محمود نے سابق حکومت کے انتقامی مقدمات کے بارے میں قائم کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔
عمران خان سے آئی جی پنجاب پولیس کی ملاقات بھی ہوئی جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر بات جیت ہوئی۔
عمران خان کی وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے ملاقات، کابینہ کی تشکیل پر تبادلہ خیال
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات کی جس میں صوبائی کابینہ کی تشکیل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے ہیں جہاں انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں چودھری پرویز الہی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مونس الہی بھی موجود تھے۔ عمران خان اور چودھری پرویز الہی کے مابین ملاقات میں صوبائی کابینہ اراکین کے ناموں کی حتمی منظوری دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔
عمران خان دورے کے دوران پنجاب کے تمام ڈویژن کے پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ جس کے دوران وہ آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے لئے ہدایات دیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف سے نو منتخب سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، نومنتخب ڈپٹی سپیکر واثق قیوم عباسی بھی ملاقات کریں گے۔ عمران خان مختلف انتظامی اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔