قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ملتوی حلقوں میں پولنگ کا دوبارہ شیڈول جاری

Published On 14 September,2022 05:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ملتوی کیے جانے والے حلقوں میں پولنگ کا دوبارہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور،این اے 45 کرم، این اے108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237کراچی، این اے 239 کراچی میں ضمنی الیکشن 16اکتوبر کو ہونگے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا ملک بھر میں تمام ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان

ان 8 حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سابق وزیراعظم عمران خان ہوں گے جن کے مد مقابل پی ڈی ایم کے رہنما میدان میں اُترے ہیں۔

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر 3 صوبائی اور 1 قومی اسمبلی کی نشست پر پولنگ کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے، این اے 157 ملتان، پی پی139، پی پی 209 خانیوال، پی پی 241 بہاولنگر میں پولنگ 16 اکتوبر کو ہوگی۔

یہ فیصلے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس میں کیے گئے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 23 اکتوبر 2022ء کو ہو گی۔ حیدرآباد کےاضلاع سےمتعلق رپورٹ منگوائی جارہی ہے حیدرآباد میں بھی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ جلد مقرر کر دی جائےگی۔

 

Advertisement