سینئر صحافی ارشد شریف کی میت پوسٹمارٹم کیلئے پمز ہسپتال منتقل،تدفین کل ہوگی

Published On 26 October,2022 08:26 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز،ویب ڈیسک) کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی۔

ارشد شریف کی میت نجی ایئرلائن کے ذریعے کینیا سے براستہ دوحا اور پھر اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئی جہاں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میت کو وصول کیا۔

میت وصولی کے لئے اسلام آباد ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر مقتول ارشد شریف کے اہل خانہ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، مراد سعید اور صحافی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ارشد شریف کی نماز جنازہ جمعرات کو دوپہر 2 فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ اسلام آباد ایچ الیون میں اُن کی تدفین کی جائے گی، میت کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں قانونی کارروائی کے بعد اسے مردہ خانے میں رکھا جائے گا۔

ایئرپورٹ پر میت پہنچنے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم اور لہجہ غمزہ تھا، ارشد شریف کے اہل خانہ غم سے چور نظر آرہے تھے۔

 

ترجمان پمز ہسپتال کے مطابق اہلخانہ کی درخواست پر ارشد شریف کے میڈیکل بورڈ میں مزید دو شعبوں کے ڈاکٹرز کو شامل کیا گیا ہے، اب چھ کے بجائے آٹھ رکنی ٹیم ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کرے گی، بورڈ میں شامل کئے جانے والے ڈاکٹرز میں ای این ٹی سرجن اور او ایم ایف ایس سرجن شامل ہیں، دونوں ڈاکٹرز کو ایمرجنسی بنیاد پر طلب کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ارشد شریف کی گاڑی پر کینیا کے شہر نیروبی کے ہائی وے پر پولیس نے غلط شناخت پر گولیاں برسا دی تھیں جس کے نتیجے میں دو گولیاں اُن کے جسم میں پیوست ہوئیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

کینیا کی پولیس نے اپنی اس غلطی کا اعتراف بھی کیا اور بتایا تھا کہ علاقے میں ایک گاڑی چھیننے اور بچے کے اغواء کی وجہ سے سکیورٹی سخت تھی، جب گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ڈرائیور نے رفتار بڑھا دی تھی جس پر تعاقب کے دوران اہلکار نے فائرنگ کی۔