لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا اچانک میو ہسپتال کا دورہ، وزیر اعلیٰ نے سرجیکل ٹاور میں زیر علاج گھریلو ملازمہ مریم کی عیادت اورخیریت دریافت کی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گھریلو تشدد کا شکار بچی کو دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، بچی مریم نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو تشدد اور آگ لگانے کا واقعہ سناتے رو پڑی۔
محسن نقوی نے بچی مریم کو حوصلہ دیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی انہوں نے بچی سے شفقت کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ آپ پر ظلم کرنے والے جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹرز سے مریم کے علاج کے بارے میں دریافت کیا اور ڈاکٹروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مریم کے علاج معالجہ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، انہوں نے بچی مریم کی والدہ سکینہ بی بی سے بھی ملاقات کی، انہیں تسلی دی اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ نے کہا مریم پر تشدد اور جلانے کا واقعہ پورے معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے، بچی کے ساتھ انصاف ہو گا، ملزم سزا سے نہیں بچ سکیں گے، کیس پر ہونے والی پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا اور دوبارہ بھی آپ کے پاس آؤں گا۔
اس موقع پر نگران صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر اور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ تھے۔