اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو فون کر کے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی گفتگو میں کہا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں، غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، آزمائش کی گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اسکے عوام کے ساتھ ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا، موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی شدت بڑھ رہی ہے، قدرتی آفات اور موسمیاتی تباہی کسی سرحد، خطے اور مخصوص قوم تک محدود نہیں۔
گفتگو کے دوران شہباز شریف نے جاں بحق افراد کی مغفرت ، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، صدر رجب طیب اردوان نے حمایت پر وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا آپ کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔